اسلام آباد: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں تحریک انصاف کے فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسماء کیس میں پولیس ابھی تفتیش کر رہی ہے، اگر کوئی ملزم پکڑا جائے گا تو خیبر پختونخوا پولیس بتائے گی، پنجاب کے صوبائی وزیر کا کوئی تعلق نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری بولے، نعیم بخاری کا اپنا نقطہ نظر ہے، جہانگیر ترین کی جگہ ان کے بیٹے کو عہدہ دیتے تو موروثی سیاست ہوتی، علی ترین انتخابی سیاست کیوجہ سے اوپر آئیں گے۔ فواد چودھری نے یہ بھی کہا کہ میٹھا میٹھا ہپ، کڑوا کڑوا تھو، نواز شریف کی سیاست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں باقی ملزمان کو سہولت کیوں نہیں؟ 300 ارب چوری کرنے والے کو سر پر بٹھایا ہوا ہے، کل دانیال کی پیشی ہے، ان کو نیند نہیں آ رہی، ہمیں پرویز خٹک کی حکومت پر فخر ہے، (ن) لیگ کو آئندہ الیکشن میں امیدوار بھی نہیں ملیں گے، خیبر پختونخوا میں (ن) لیگ تب نتائج دے گی جب کوئی امیدوار ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرف کے چھوٹے بھائی امیر مقام کے جلسے میں نواز شریف نے مشرف پر تنقید کی، امیر مقام کو نواز شریف کو مشرف پر تنقید سے روکنا چاہئے تھا۔