اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کچھ بھی کہیں، شہادت مومن کا مقصود ہے۔ پاکستان اپنے دفاع کیلئے تمام اقدامات کرے گا۔ افغان وفد سے ملاقاتوں میں سرحد پار سے دہشت گردی اور مہاجرین کی واپسی کے معاملات پر بات ہو گی۔
شہادت ہے مطلوب ومقصود مومن، نہ مالِ غنیمت نہ کشور کشائی۔ ترجمان دفترِ خارجہ کی بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کے جواب میں شاعری، ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ایک بار پھر طلبی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت، پاکستان میں بھارتی تخریب کاری کا پردہ چاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ شہادت تو مومن کا مطلوب اور مقصود ہے، بھارتی آرمی چیف جو مرضی کہہ لیں، ہماری مسلح افواج مادر وطن کا دفاع کرنے اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاکستان کو غیر دفاعی امداد روکنے کے بل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ افغان حکام سے ملاقاتوں میں سرحد پارسے حملوں کا معاملہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان حکومت اور حزبِ اسلامی میں امن معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ طالبان سمیت دوسرے مزاحمتی گروپوں کے ساتھ بھی اسی طرز پر مفاہمت ہونی چاہیے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ لیبیا میں ڈوبنے والے پاکستانیوں کی لاشیں 3 دن تک واپس لانے کی کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ 11 پاکستانیوں کی نعشیں شناخت کر کے ان کے لواحقین کو اطلاع کر دی گئی ہے جبکہ 4 لاپتہ افراد سے متعلق ابھی معلومات نہیں ملیں۔