کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے بانی اور حواریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ ہونے لگا ہے۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں متحدہ کے 10 رہنماؤں کو طلب کر لیا ہے۔
ایم کیو ایم کے 10 رہنماؤں کو ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ میں پیشی کے نوٹس بھیج دیئے گئے ہیں۔ متحدہ پر 2 ارب روپے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ذریعے لندن بھجوانے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے جن رہنماؤں کو طلب کیا ہے ان میں ڈاکٹر صغیر احمد جو اکہ اب پی ایس پی میں جا چکے ہیں، محمد شاہد، محمد زبیر، محمد طاہر، رؤف مغل، منظور احمد، کیف الورا، محمد عمران، رفیق راجپوت اور کمال صدیقی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماء چائنہ کٹنگ اور بھتے کے پیسے خدمت خلق فاؤنڈیشن میں جمع کرواتے تھے جو وہاں سے ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ بھجوا دیئے جاتے تھے جہاں کروڑوں روپے ذاتی عیاشی، وکلاء کی فیس اور سکیورٹی پر صرف کئے جاتے تھے۔