کراچی: (دنیا نیوز) سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کہتے ہیں متحدہ والوں کی لڑائی میں مہاجروں کو متحدہ بانی یا ایم کیو ایم سے جوڑنا زیادتی ہے، 2 فریقین کی لڑائی سے فائدہ اٹھانے کا تاثر نہیں دینا چاہتے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی عام انتخابات میں کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کی تمام سیٹوں پر امیدوار لائے گی اور کراچی سے کلین سویپ کرے گی۔ مصطفیٰ کمال بولے، ہمیں پتا ہے کہ کراچی کو دوبارہ کس طرح سے بنانا ہے، آنے والا وقت پی ایس پی کا ہو گا، میرے پاس اختیارات تھے مگر میرا کوئی شادی ہال یا پٹرول پمپ نہیں ہے، کراچی کے لوگوں کے پاس ہمارے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کیا میں خون اور آگ کی سیاست شروع کروں؟ ہم نے مہاجروں کے راستے سے کانٹنے چننے ہیں، بچھانے نہیں، ہمیں کیا ضرورت تھی کہ اپنے عہدے چھوڑ کر را ایجنٹ کو اپنا دشمن بنائیں، تفرقہ ڈال کر اپنا فائدہ حاصل نہیں کر سکتا، میری پارٹی کے ساتھ مہاجر نہیں جڑا ہوا تو کیا مہاجر میرے ساتھ نہیں آئیں گے؟
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کیا پیپلز پارٹی کے ساتھ سندھی اور نون لیگ کے ساتھ پنجابی لگا ہے؟ مہاجروں کے حقوق یا کوئی بھی زبان بولنے والوں کے حقوق سے غافل نہیں ہیں، گزشتہ ایک ہفتے سے جو ہو رہا ہے اس کو مہاجر قوم کے ساتھ نہ جوڑا جائے، چند لوگوں کی لڑائی کو پوری مہاجر قوم کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے، مہاجروں، سندھیوں، بلوچوں سمیت تمام پاکستانیوں کے پاس پی ایس پی کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔
سربراہ پی ایس پی بولے 3 مارچ 2016ء سے جو بھی بات کی وقت اور حالات نے اسے ٹھیک ثابت کیا، ہم نے انتخابی سیاست سے پیسے اور وسائل کو مائنس کر دیئے ہیں، ایم کیو ایم کے تنازعے میں الجھنا نہیں چاہتے۔