اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندو یاتریوں کو ویزے فراہم نہ کرنے کا بھارتی واویلا جھوٹ کا پلندہ ہے۔ بھارت نے یاتریوں کو زبردستی ویزہ درخواستیں پاکستانی ہائی کمیشن سے واپس لینے پر مجبور کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندو یاتریوں کی کٹاس راج آمد کے انتظامات مکمل ہو گئے ہیں مگر بھارت کی جانب سے یاتریوں کو این او سی ہی جاری نہیں کیا گیا، 173 یاتریوں کو ویزہ نہ دینے کے بھارتی الزامات درست نہیں ہیں۔
اس سے قبل بھارت نے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے دیا نہ ہی نظام الدین اولیاء کے عرس میں جانے والے پاکستانی زائرین کو ویزہ جاری کیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ بھارتی اقدامات 1974ء کے دو طرفہ پروٹوکول، بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہیں۔