لندن: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے امریکا کی پاکستان میں یکطرفہ کارروائی دو طرفہ تعلقات کے لیے ریڈ لائن ہو گی، پاکستان کو ڈرانا، دھمکانا غیر مفید ہوگا۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے، دہشتگردی کے مسئلہ کے حل کے لیے عسکری کے ساتھ سیاسی حل بھی ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہے، امریکا سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستانی مفادات کیخلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی تو جواب دیاجائے گا، پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، ترقیاتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کیخلاف سب سےزیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانیں دیں، دہشتگردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد نقصان اٹھانا پڑا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ضروری ہے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں، پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے اور مثالی تعلقات کا خواہشمند ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معمولی امریکی امداد ملی، دہشتگردی کیخلاف جنگ امریکی امداد کیلئے نہیں بلکہ عوام کے تحفظ کیلئے لڑی۔