شریف فیملی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست، وزارت داخلہ کا صاف جواب

Published On 14 Feb 2018 10:48 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر فوری عملدرآمد سے صاف انکار کر دیا۔ صرف عدالتی حکم پر ہی نام ای سی ایل میں ڈالے جاتے ہیں، حکام نے جواب دے دیا۔

ناروے کے دورے پر آئے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے اس حوالے سے دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ شریف فیملی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے یا نہ ڈالنے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وطن واپسی پر ہو گا اور وہی کریں گے جو آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام  دنیا کامران خان کے ساتھ  میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ آئین کے مطابق، کسی کو آنے جانے سے بلاوجہ نہیں روکا جا سکتا، فیصلہ وزارت داخلہ کے قوانین کے مطابق کیا جائے گا، تمام پیشیوں میں میاں صاحب عدالت جاتے ہیں، اگر ایسا معاملہ ہوتا تو عدالت کو یہ بات کہنی چاہئے تھی، دیکھیں گے کہ معاملہ کسی کو ذاتی طور پر تنگ کرنے کا ہے یا قانونی ہے۔