عمران خان کا وفاق اور پنجاب حکومت کے کرپشن مقدمات سامنے لانے کا اعلان

Published On 17 Feb 2018 05:29 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے وفاق اور پنجاب حکومت کی کرپشن کے مقدمات سامنے لانے کا اعلان کر دیا، اینٹی کرپشن کمیٹی قائم، نون لیگ کی منفی باتوں کا مثبت انداز میں جواب دیں گے، عمران خان کا پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی کی بدعنوانی چین کے ادارے نے پکڑ لی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ رکنیت سازی مہم کیلئے ملک بھر میں کیمپس لگائے جائیں، الیکشن لڑنے کے خواہشمند رکنیت سازی مہم میں حصہ لیں، اگلے مہینے سے پارلیمانی بورڈ کام شروع کر دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شریف باپ بیٹی قوم کو بے وقوف بنانا بند کریں: عمران خان

اجلاس کے دوران عمران خان نے پشاور میں رکنیت سازی مہم پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے رکنیت سازی مہم کا جائزہ لوں گا، لودھراں الیکشن سے سبق سیکھیں، وہاں ہم بہت زیادہ پراعتماد ہو گئے تھے، کے پی میں بھی ہم ضرورت سے زیادہ پُراعتماد ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے سابق ایم این اے عمر ایوب پی ٹی آئی میں شامل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن اگست ستمبر کے بعد عام انتخابات کا سوچ رہا ہے، الیکشن سے 5 ماہ پہلے منشور لانا قبل از وقت ہو گا، پارٹی منشور پر کام ہو رہا ہے، ایک منشور پورے ملک جبکہ دوسرا ہر حلقے کیلئے لائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ شریف فیملی والے 300 ارب روپے کا حساب دینے کو تیار نہیں، حساب مانگا جائے تو وہ سڑکوں اور پلوں کی بات کرتے ہیں، شریف فیملی کے رائیونڈ فارمز کے اخراجات بھی چیلنج کریں گے، رکنیت سازی مہم بھرپور انداز میں چلائیں گے، پنجاب میں ہمارا ون آن ون مقابلہ نون لیگ سے ہے، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں وجود ختم ہو چکا۔