اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے احتجاجی مراسلے میں کہا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سالہ معصوم بچہ ایان زاہد شہید ہوا، بھارت رواں برس 365 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے ، بھارتی فوج کی جانب سے معاہدے کی خلاف وزریوں میں 15 شہری شہید جبکہ 65 زخمی ہوئے۔
خیال رہے گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر واقع جاجوٹ گاؤں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ۔ جس میں آٹھ سالہ ایان بھارتی گولہ باری کی زد میں آ کر شہید ہو گیا تھا۔ پاک فوج نے جواباً جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی، اس چوکی کو تباہ کر کے دو فوجیوں کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔