گوجرانوالہ: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے دو سابق ارکان صوبائی اسمبلی، تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں ، 13 یوسی چیئرمینوں، میونسپل کمیٹیوں کے وائس چیئرمینوں اور کونسلروں سمیت مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز لدھیوالا وڑائچ میں اپنی رہائشگاہ پر ہزاروں کارکنوں کی موجودگی میں کیا۔ میاں طارق محمود نے کہا ہمارے حلقے این اے 98 کو ایک سازش کے تحت جان بوجھ کر ختم کروایا گیا اور ن لیگ کی قیادت نے اس معاملہ میں ہمیں اعتماد میں بھی نہیں لیا بلکہ نظر انداز کیا۔ بلدیاتی سیٹ اپ اور دیگر ترقیاتی معاملات میں بھی ہمیں نظر انداز کیا گیا اس کی بڑی وجہ وفاقی وزیر خرم دستگیر اور ان کے والد غلام دستگیر تھے۔
میاں طارق محمود نے کہا لدھیوالا وڑائچ جس حلقہ میں بھی شامل ہوا وہاں سے ہر صورت الیکشن لڑینگے ، این اے 98 ختم ہونے سے ہماری سیاست ختم نہیں ہوسکتی۔ ن لیگ نے ہماری قدر نہیں کی ہم نے گوجرانوالہ کے گاڈ فادر کیخلاف الیکشن لڑنا ہے ، شہریوں سے کروڑوں روپے بھتہ لینے والوں کو شکست سے دو چار کرینگے ۔ رکن قومی اسمبلی طارق محمود، سابق اراکین صوبائی اسمبلی میاں مظہر جاوید اور ڈاکٹر میاں غلام سرور کی طرف سے مسلم لیگ ن چھوڑنے کے اعلان کے موقع پر این اے 98 کی تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے بھی مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کیا۔
ن لیگ چھوڑنے والوں میں چیئرمین میونسپل کمیٹی قلعہ دیدار سنگھ شیخ یعقوب بہلولیہ، وائس چیئرمین سجاد ہنجرا، چیئرمین میونسپل کمیٹی لدھیوالا وڑائچ سعید احمد شاد، وائس چیئرمین رانا اعظم، چیئرمین میونسپل کمیٹی گکھڑ وسیم یعقوب بٹ شامل ہیں جبکہ میونسپل کمیٹیوں کے 32 کونسلرز نے بھی ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا۔