ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے راہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو نااہلی سے دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی ، پہلے ن لیگ نا اہل تھی اب یہ ش سے شرمناک بھی ہوجائے گی۔
ملتان ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو تاحیات قائد بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایک مرتبہ انکو یہ آئین میں شامل کرنے دیں، تحریک انساف اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سول سروسز گروپ نے بغاوت کر رکھی ہے، اقتدار میں آکر باغی بیوروکریسی کیخلاف مقدمات درج کروائیں گے۔
بابر اعوان نے کہا کہ عدلیہ اور اسکے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں،عدلیہ شہید بینظر بھٹو کو بر طرف کرے تو وہ ٹھیک لیکن جب چوروں کی چوری پکڑے تو وہ غلط کیسے ہوسکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے بوجھ تلے پسی عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر کے مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس حکومت کا نوے دن سے کم عرصہ رہ گیا ہو وہ پالیسیاں نہیں بنا سکتی، سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کسی طور پر قبول نہیں کرینگے۔