امریکی مفادات کے تحفظ کیلئے اپنے مفادات قربان نہیں کریں گے: خواجہ آصف

Published On 01 Mar 2018 01:19 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف کا کہنا ہے امریکی مفادات کے تحفظ کیلئے اپنے مفادات قربان نہیں کریں گے، امریکہ خطے میں امن چاہتا ہے تو پہلے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا افغان صدر کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان کو افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا گیا تو ضرور کرینگے۔

وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیتے ہیں، ڈیڑھ سال سے بھارت نے سرحدی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔ انہوں نے کہا لگتا ہے ہمسایہ ملک امن کیلئے راضی نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم سب کے سامنے ہیں، عالمی برداری کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا مشرف دور کے ثمرات آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔