لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے فیصل سبحان کو دیومالائی کردار قرار دیتے ہوئے چیلنج کیا ہے کہ عمران خان 27 ارب تو کیا 27 دھیلے بھی ثابت کر دیں، قصوروار ہوا سیاست چھوڑ دوں گا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نیازی صاحب ہر روز ایک نیا الزام لگاتے ہیں جن کا حقائق سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ عمران خان ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں اور قوم کو گمراہ کر رہے ہیں لیکن نوجوان نسل کی درست سمت میں رہنمائی ہمارا قومی فریضہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے مجھ پر لاہور میٹرو منصوبے پر 70 ارب روپے خرچ لی لاگت، 27 ارب روپے رشوت لینے اور پاناما کیس سے ہٹنے کیلئے انھیں 10 ارب روپے رشوت دینے کا الزام بھی لگایا تھا، اب ملتان میٹرو کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ میں نے تنگ آ کر انھیں ہرجانے کا نوٹس دیا لیکن وہ آج تک عدالت سے تاریخیں لے رہے ہیں، عدالت میں جو بھی پیشیاں ہوئیں اس میں نہ تو خان صاحب آئے، نہ ہی ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور نہ ہی جواب داخل کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ماضی میں الزام لگایا کہ جاوید صادق نامی شخص میرا فرنٹ مین ہے، تاہم وہ میرے جاننے والے ہیں لیکن کوئی کمیشن نہیں لی۔ اب عمران نیازی نے دو دن پہلے فیصل سبحان نامی دیومالائی کردار کا ذکر کیا، الزام لگانے پر میں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ فل بنچ بنا کر چند دنوں میں فیصلہ کر دیں۔ میں قصوروار ہوں تو ہمیشہ کیلئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا، عمران خان جھوٹ ثابت ہونے پر کسی درگاہ میں بیٹھ جائیں۔ شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین کو چینلج کیا کہ اگر ان پر 27 ارب تو کیا 27 دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائیں تو وہ ہمیشہ کیلئے سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے۔