اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے دو بجلی یونٹس کا کوئلے پر منتقلی میں ناکامی پر کے انرجی کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کے انرجی کے دو بجلی یونٹس کا کوئلے پر منتقلی میں ناکامی پر لائسنس منسوخ کیا گیا۔ منصوبے پر عملدرآمد نہ کرنا کراچی کے بجلی صارفین کے مفاد میں نہیں تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے بجلی کی طلب اور رسد کے پیش نظر بجلی یونٹس کو کوئلے پر منتقل کرنا اہم تھا۔ کے انرجی نے 420 میگاواٹ کے دو بجلی یونٹس کو کوئلے پر منتقل کرنا تھا۔ نیپرا نے کے انرجی کو مارچ 2015ء میں لائسنس دیا تھا کے انرجی سالانہ فیس کی مد میں 19 ارب 16 کروڑ روپے کا مقروض بھی ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کے انرجی نامی آئی پی پی ایک الگ ادارہ ہے اس کو کے الیکٹرک لمیٹڈ سے تشبیہ نہ دی جائے ، کے انرجی نامی آئی پی پی کے لائسنس کی خبر سے کے الیکٹرک کا کوئی تعلق نہیں ، کے الیکٹرک ہمیشہ کی طرح صارفین کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔