بلدیو کمار کے حلف کا معاملہ، اسد قیصر نے توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کرا دیا

Published On 06 Mar 2018 01:19 PM 

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر نے توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ بلدیوکمار سے قانون کے مطابق حلف لیں گے۔

پشاور ہائیکورٹ میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں بلدیو کمار سے حلف نہ لینے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ۔ کیس کی سماعت کے دوران سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ سپیکر اسد قیصر نےتوہین عدالت نوٹس سے متعلق جواب جمع کرایا ۔ اس موقع پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ پروڈکشن آرڈر پر بلدیو کمار سے حلف کیوں نہیں لیا گیا ، بلدیو کمار کو جوتا مارا گیا تھا لیکن لاء اینڈ آرڈر کی کوئی صورتحال تو نہیں تھی۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کے استفسار پر تحریری جواب جمع کرا دیا ۔ اس موقع پرسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کا کہناتھا کہ بلدیو کمار سے قانون کے مطابق حلف لیں گے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں ، عدالتی نوٹس کا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے ، قانون کے مطابق بلدیو کمار سے حلف لیں گے ان پر الزام اور جرم سنگین ہے۔