پشاور: (دنیا نیوز) لیڈٰی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث نومولود گلا کٹنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپتال کے سامنے روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔
لیڈٰی ریڈنگ ہسپتال میں ارمڑ کے رہائشی رحیم نامی شخص نے اپنی اہلیہ کو داخل کرایا تھا ۔ جہاں گزشتہ شب خاتون کے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے بچے کا گلا کٹ گیا جس سے نومولود کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کے خلاف بچے کے لواحقین سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے ہسپتال کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا ۔ اس موقع پر ہسپتال عملے اور لواحقین کے مابین جھڑپ بھی ہوئی ۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی انکوائری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔