ٹریفک ہیڈکوارٹر میں ہونے والی تقریب میں ابتدائی طور پر 30 خواجہ سرائوں کو لائسنس جاری کر دیئے گئے
پشاور (دنیا نیوز ) خیبر پختون خوا پولیس نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرائوں کے لئے ڈرائیونگ لائنس جاری کر دیئے ۔ پہلے مرحلے میں 30 خواجہ سراء مستفید ہوں گی۔ خیبر پختونخوا پولیس نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لئے ڈرائیونگ لائنس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 30 خواجہ سرائوں کو لائسنس جاری کر دیئے گئے مزید دوسرے مرحلے میں اس عمل سے گزریں گی۔ ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں لائسنس بنوانے کے لئےعام شہریوں کی طرح خوب بن سنور کر خواجہ سرا بھی قطار میں کھڑی رہیں۔
خواجہ سرا کی تصویر بھی لی گئی۔ ایس پی ٹریفک کہتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی بارخواجہ سرا کو لائنسس جاری کیا جا رہا ہے۔ خیبر پختون خوا میں نئی مردم شماری کےمطابق نو سو سے زائد خواجہ سرا ہیں۔
خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ ہر ہنر سیکھنا چاہیے تاکہ خواجہ سرا معاشرے کے ہر فرد کے شانہ بشانہ چل سکے۔ خیبر پختونخوا میں خواجہ سرائوں کو شناخت کے ساتھ ساتھ صحت انصاف کارڈ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی۔