امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

Published On 07 Mar 2018 08:44 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ مرکزی جمیعت اہلحدیث کانفرنس کی آخری نشست میں شرکت کریں گے، نماز جمعہ کی امامت کرائیں گے اور خطبہ بھی دیں گے۔

لاہور پہنچنے پر سول ایوی ایشن حکام نے امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر، سینٹر حافظ عبدالکریم، طاہر اشرفی، ابتسام الہی ظہیر، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا خبیر آزاد اور دیگر اکابرین بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے جہاں سے انہیں نجی ہوٹل میں پہنچایا گیا۔

امامِ کعبہ کل وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کریں گے جس کے بعد کل وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کی کانفرنس اور بعد ازاں علماء کونسل کے سربراہ کی جانب سے دیے گئے عصرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

9 مارچ کو امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب مرکزی جمعیت اہلحدیث کانفرنس میں خطبہ جمعہ دیں گے اور نماز جمعہ کی امامت بھی کرائیں گے۔ جمعہ کے روز امامِ کعبہ پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی سے ملاقات کریں گے۔ امام کعبہ کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔