اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے اعزاز احمد چودھری کی جگہ علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر مقرر کرنے کی سمری وزیراعظم آفس کو بھجوائی گئی تھی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سمری کی منظوری دے دی۔
علی جہانگیر صدیقی اس وقت وزیراعظم کے معاون خصوصی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ معروف کاروباری شخصیت اور بینکار جہانگیر صدیقی کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے امریکہ میں کورنل یونیورسٹی سے اکنامکس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ جے ایس بینک اور جے ایس پرائیویٹ ایکویٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
2014 میں علی جہانگیر صدیقی کو ورلڈ اکنامک فورم میں بطور ینگ گلوبل لیڈر اعزاز سے نوازا گیا ۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایگریما کی منظوری کے بعد علی جہانگیر صدیقی اپنا نیا عہدہ سنبھالیں گے۔