عمران خان نے سینیٹ کی 13 نشستیں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو دیدیں

Published On 08 Mar 2018 09:43 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف نے بھی ترپ کا پتہ کھیلتے ہوئے اپنے 13 سینیٹرز وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے حوالے کر دیے، صوبے کے پاس پیپلز پارٹی سے زیادہ ارکان ہو گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ملازت کی اور اپنے 13 سینیٹرز کے ساتھ سینیٹ چیئرمین کیلئےحمایت کا اعلان کیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے نوجوان وزیرِ اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پہلی دفعہ ان لوگوں نے کرپشن کے خلاف اِن ہاؤس تبدیلی کی۔ بلوچستان کے لوگوں میں احساس محرومی ہے، ان کے تحفظات جائز ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ن لیگ پاناما کے بعد نواز شریف کو نکال دیتی تو ہمیں سڑکوں اور عدالتوں میں نہ جانا پڑتا۔ جب سے ن لیگ کی کرپشن پکڑی گئی انہوں نے اداروں پر حملہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ اب نواز شریف کو کرپشن کرنے کی اجازت دینے کا قانون بنائیں گے۔ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیئے ن لیگ کا چیئرمین نہ آئے۔

ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔ ہم نے بلوچستان کو اپنی ساری طاقت دے دی ہے جس کے بعد بلوچستان کے پاس پیپلز پارٹی سے زیادہ سینیٹرز ہو چکے ہیں۔ ہمارے 13 سینیٹرز ہیں جو وزیرِ اعلی بلوچستان کے حوالے کر رہے ہیں، ان کے پاس 21 سینیٹ نشستیں ہو چکی ہیں، اب یہ لوگوں سے مذاکرات کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان ہاؤس آئے اور ہمارے موقف کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سب جماعتوں سے گزارش کی ہے کہ اس دفعہ بلوچستان کو موقع دیا جائے۔