بھارت مقبوضہ وادی میں خواتین کیخلاف مظالم بند کرے، کشمیر کونسل یورپی یونین

Published On 09 Mar 2018 09:38 PM 

برسلز: (دنیا نیوز) کشمیر کونسل یورپی یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں خواتین کے خلاف مظالم فوری طور پر بند کرے۔ ستائیس سال گزرنے کے باوجود کنن اور پوشپورہ میں خواتین سے اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

برسلز میں کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیرِ اہتمام بین لااقوامی کانفرنس ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے کیساتھ انسانیت سوز مظالم بے نقاب کیے گئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری خواتین پر بھارتی مظالم کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ عالمی برادری مظالم رکوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

تحریک انصاف بیلجئیم کے صدر سردار صدیق نے کہا کہ ہزاروں کشمیری خواتین بیوہ اور ان کی گودیں اجڑ چکیں، دنیا بھارتی فوج کے مظالم پر اپنی آنکھیں کھولے۔

کانفرنس کے دوران   کیا کنن پوشپورہ یاد ہے   کی خواتین مصنفین نتاشہ راتھر اور ایثار بتول نے ریکارڈ گفتگو کے ذریعے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ 27 برس قبل کشمیری خواتین سے اجتماعی زیادتی میں ملوث عناصر کو سزا دلوائی جائے۔