لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے یوٹرن لے لیا ، آصف زرداری کو فیصلے کا اختیاردینے کی تر دید کر دی۔ انہوں نے کہا چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پروگرام " دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کل ہمارے پاس آئے اور ہماری حمایت کا اعلان کیا جس کے نتیجے میں ہماری پوزیشن بہت بہتر ہوگئی۔ ہم نے آصف زرداری سے کہا ہے کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے ، بلوچستان کے لوگوں کو آگے نہیں لانے دیا جاتا، اس حوالے سے بلوچ عوام میں مایوسی بھی ہے ہماری سو فیصد کوشش ہے کہ چیئرمین شپ بلوچستان کو ملے ۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا عمران خان نے دل بڑا کیا ہے ، ہم زرداری سے چیئرمین کا عہدہ مانگ رہے ہیں ،وہ بھی بڑے پن کا مظاہرہ کریں۔ آصف زرداری نے بھی کہا ہے کہ جو بھی امیدوار ہوگا مشترکہ فیصلے سے آئے گا ، یہ نہیں کہ ہم نے زرداری کو اختیار دے دیا ، ایسا بالکل نہیں ہے ، ہم اپنے امیدوار کے لئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے بھی ملاقات ہوئی ہے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا آصف زرداری سے اس سلسلے میں پھر ملاقات ہوئی ہے ہم نے پھر اپنے موقف کو دہرایا کہ بلوچستان کو سپورٹ کریں اگر آصف زرداری نہ مانے تو ہم عمران خان کے پاس جائیں گے اور ان سے مل کر حکمت عملی طے کریں گے ۔ انہو ں نے کہا بلوچستان کے عوام پر امید ہیں کہ آصف زرداری ایسا فیصلہ کریں گے جس سے بلوچستان کے عوام کے دل جیتیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے لئے ہم نے دروازے بند نہیں کئے ۔ ہمارا پروگرام ہے کہ ان سے بھی ملاقات کریں اور یہی کہیں گے کہ چیئرمین کا عہدہ بلوچستان کو دیا جائے ، ابھی مسلم لیگ ن کے ساتھ اس معاملے میں رابطہ نہیں۔