لاہور: (دنیا نیوز) حکومت اور مذہبی جماعت میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد رات گئے تمام مقامات سے دھرنا ختم کر دیا گیا، بند شاہراہیں کھل گئیں۔
حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے جس میں دھرنے کے شرکا ء کے تمام مطالبات منظور کر لیے گئے۔ فیض آباد شہداء کا مقدمہ راولپنڈی میں درج کر لیا گیا، مقدمہ قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ تمام مقدمات خارج کرنے کا مطالبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ لاہور میں مذہبی جماعت کی مجلس شوریٰ نے مشاورت کے بعد قائدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، راجہ ظفر الحق کی رپورٹ مظاہرین کو فراہم کی گئی۔
لاہور میں دھرنے کی وجہ سے سڑکیں بند اور شہری سخت پریشان رہے۔ دھرنا ختم ہونے کا اعلان ہوتے ہی مذہبی جماعت کے تمام کارکن منتشر ہوگئے۔ بند شاہراہیں کھل گئیں، بابو صابو، شاہدرہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ اور داروغہ والاچوک سمیت دیگر مقامات پر ٹریفک بحال ہوگئی جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔