اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پیک کی نگرانی کے حوالے سے پاک بحریہ کی خدمات قابل تعریف، پاکستان نیوی گوادر بندرگاہ، ساحلوں کے تحفظ ، انسداد دہشت گردی اور بحری قذاقی کی روک تھام کیلئے قومی وعالمی ذمہ داریاں احسن انداز سے نبھا رہی ہے۔ سی پیک اور گوادرکے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی ٹاسک فورس 88 ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی حفاظت بحریہ کی اولین ذمہ داری، پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے ساتھ ساتھ 278 کلومیٹرز سے زائد بحری راستوں کی بھی نگہبان ہے۔ ایک کروڑ70 لاکھ بیرل تیل کی گزرگاہوں اور کروڑوں ٹن سامان کی سمندری ترسیل کو محفوظ بنا رہی ہے۔ ان مقاصد کیلئے قائم ٹاسک فورس 88 ہمہ وقت چوکس اور متحرک ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹاسک فورس 88 کسی بھی غیرقانونی یا دہشت گرد سرگرمی کی روک تھام کیلئے برق رفتار اور موثر کارروائی کی اہل ہے۔ ٹاسک فورس 88 کے سربراہ کہتے ہیں کہ سی پیک اور گوادر بندرگاہ کے داخلی اور خارجی راستے اب مکمل محفوظ ہیں۔
سی پیک، گوادر بندرگاہ اور ساحلی پٹی پاک نیوی کے ہوائی جہازوں، ریڈارز اور ہیلی کاپٹروں کی زیر نگرانی ہے۔ہر 25 کلومیٹر پر ایک یونٹ موجود ہے۔