اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کے تقرر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ حکومتی رویے سے مایوس ہوگئے۔ انہوں نے کہا لگتا ہے نگران وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائیگا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا حکومت نگران وزیراعظم کے معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔
یاد رہے گزشتہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ میں پانچویں ملاقات بھی بے نتیجہ ختم ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیاں ملاقات 35 منٹ جاری رہی لیکن نگران وزیراعظم پر اتفاق نہ ہوسکا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا ملاقات ہوگئی، گیم اب حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
نگران وزیر اعظم کا نام اگر مجوزہ آئنی مدت کے اندر فائنل نہ ہو سکا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 2، 2 نام بھیجیں گے۔ پارلیمانی کمیٹی دیئے گیے 4 ناموں میں سے نگران وزیراعظم طے کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی بھی طے نہ کر سکی تو فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔