پروفیسر حسن عسکری نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

Last Updated On 08 June,2018 12:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے حلف لیا۔

 ڈاکٹر حسن عسکری گورنر ہاؤس پہنچے تو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے اُنہیں سلامی پیش کی جس کے بعد اُنہوں نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد گورنر پنجاب نے نگران وزیراعلیٰ سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔ ناسازی طبع کے باعث سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تقریب میں شرکت نہ کی جبکہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت میں سے بھی کوئی بھی عہدیدار تقریب میں شریک نہ ہوا۔

پروفیسر حسن عسکری نے 1968 میں پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور انگریزی ادب میں بی اے آنرز کیا، 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کی، پروفیسرحسن عسکری کو 23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا، حسن عسکری مصنف، معروف سیاسی تجزیہ کار ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے چار اہم کتابیں سیاست اور ملٹری پر لکھیں، انکی لکھی گئیں کتابیں بہت ہی مقبول ہوئیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری سٹاف کالج، پنجاب یونیورسٹی میں خصوصی لیکچرر بھی دیتے رہے۔ حسن عسکری دنیا نیوز کے پروگرام تھینک ٹینک کا حصہ رہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:ڈاکٹر حسن عسکری نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا، اس کے بعد الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر حسن عسکری کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا۔ حکومت کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی اور ذکا اللہ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے تھے۔