اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے فطرہ کا نصاب جاری کر دیا۔
گندم کے حساب سے سو روپے فی کس جو کے حساب سے 240 روپے فی کس فطرہ ادا کرنا ہو گا۔ مفتی منیب کے مطابق کھجور کے حساب سے 1600 جبکہ کشمش کے حساب سے 1920 روپے فی کس فطرہ ہو گا۔
خیال رہے کہ صدقہِ فطر اس شخص پر واجب ہے جو آزاد اور مسلمان ہو اور ایسے نصاب کا مالک ہو جو اس کی اصلی حاجتوں سے زائد ہو خواہ وہ مال نصاب بڑھنے والا ہو یا نہ ہو۔
زکوة اور صدقہِ فطر کے نصاب میں یہ فرق ہے کہ زکوة فرض ہونے کے لئے چاندی سونا یا تجارت کا مال ہونا ضروری ہے لیکن صدقہِ فطر کے نصاب میں ہر قسم کا مال حساب میں لیا جاتا ہے جو حاجتِ اصلیہ سے زائد ہو اور قرض سے بچا ہوا ہو۔
پس اگر کسی شخص کے پاس روزمرہ کے استعمالی کپڑوں اور برتنوں و دیگر سامان کے علاوہ اگر حاجاتِ اصلہ سے زائد سامان ہو اور ان سب کی قیمت نصابِ زکوة کے برابر یا زیادہ ہو تو اس پر زکوة فرض نہیں ہو گی مگر صدقہِ فطر واجب ہو گا۔