اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کے معاملے پر رپورٹ تیار کر لی جو آج نگران وزیراعظم ناصرالملک کو پیش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کے سعودی عرب جانےکے معاملے پر رپورٹ میں متعلقہ ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کا موقف بھی شامل کیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:وزیراعظم نے زلفی بخاری کے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی
وزارت داخلہ نے رپورٹ میں موقف اپنایا ہے کہ زلفی بخاری کانام ای سی ایل میں شامل نہیں تھا، نیب کی درخواست پر زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، عام طور پر بلیک لسٹ کیس میں کسی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی، تاہم عمرہ ادائیگی کیلئے زلفی بخاری کو بیرون ملک جانے کی خصوصی رعایت دی گئی۔
وزارت داخلہ کو بلیک لسٹ میں شامل کسی شخص کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا اختیار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ آج نگران وزیراعظم کو پیش کر دی جائے گی۔