اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنماء اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لگتا ہے نگران وزراء پر نواز لیگ کا پریشر ہے، عوام کو گمراہ نہیں، حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ شاہد خاقان عباسی بھی قوم کو بتائیں، جو بجلی بنائی تھی، وہ کہاں گئی؟
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت قوم کے سامنے صیح حقائق رکھے۔ تمام دعوؤں کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں ہوئی، آدھا اسلام آباد پانی کی بوند بوند کوترس رہا ہے۔ یہ سارے سوال شاہد خاقان عباسی سے اسلام آباد کے عوام پوچھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گر رہے ہیں، نگران حکومت کسی پر تنقید کے بجائے سچ بولے، ڈاکٹرشمشاد اختر نے کچھ باتیں کیں اورکچھ نہیں کیں۔ نگران وزراء کی پریس کانفرنس دیکھ کر لگا ان پر ن لیگ کا پریشر ہے۔ انہوں نے نگران حکومت کو مشورہ دیا کہ پورا سچ بولیں یا پھر25 جولائی تک وقت گزاریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت کو معیشت سے متعلق پالیسی واضح کرنی چاہیے، نگران حکومت حقیقت قوم کے سامنے لیکر آئے، زیادہ قرض لینے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا ہے اور معیشت کی صورتحال خطرناک ہے۔ روپے کی قدر گرنے سے ہر خاندان پر چالیس ہزار کا قرض بڑھ چکا ہے۔ پاکستان کا بیرونی خسارہ رفتارسے بڑھ رہا ہے اور ہم بیل آؤٹ پیکج کی طرف جارہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ جس جگہ معیشت آگئی اب انتظار نہیں ہوسکتا، جو خسارہ پہلے ایک سال وہ اب ایک ماہ میں ہو رہا ہے۔ سٹیٹ بینک نے یہی بات تین سال پہلے کی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے، سٹیٹ بینک نے سچ بولنے میں بڑی دیرکی، پہلے بولنا چاہیے تھا۔