لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ شریف برادران ذہنی طور پر مفلوج اور عقلی بحران کا شکار ہیں۔ حکومت اور کرپشن یہ کرتے ہیں اور سوال حزب اختلاف اور عدالت سے کرتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 5 سال پہلے جب پختونخوا میں حکومت سنبھالی تو صوبہ جنگ زدہ تھا۔ کرپشن اور بدانتظامی نے پختونخوا کو مکمل بدحال کررکھا تھا۔ خیبرپختونخوا میں تعلیم پر کی گئی سرمایہ کاری کے اثرات نسلوں تک برقرار رہیں گے۔ پانچ برس میں درجن بھر نئی جامعات اور ہسپتال بنائے۔ عمران خان نے کرپشن کے الزامات پر وزیر بھی نکالے اور درجنوں کی تعداد میں اپنے اراکین اسمبلی بھی نکالے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہی کرپشن میں ملوث وزیروں کا باضابطہ احتساب کیا گیا۔ جس پشاور شہر کی یاد شہباز شریف کو ستا رہی ہے پختونخوا حکومت نے اس میں "باب پشاور" لاہور کے "آزادی فلائی اوور" سے پچاس فیصد سے بھی کم لاگت میں تعمیر کیا۔ شہباز شریف خود کہا کرتے تھے کہ اگر بجلی کا بحران ختم نہ کیا تو نام بدل دیں۔ ان میں شرم و حیا کی کوئی رمق باقی ہے تو زیادہ سوالات کا جواب نہ دیں خود اپنا نام ہی تجویز کردیں۔