اسلام آباد: (دنیا نیوز) 15 سالہ فلک شیر فیصل چوک پر کلر بکس فروخت کر رہا تھا، پولیس ٹیم کو دیکھ کر بھاگا تو تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بھکاریوں کیخلاف پولیس کے آپریشن سے ڈر کر بھاگنے والا 15 سالہ لڑکا تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گیا ہے۔ متوفی کا نام فلک شیر بتایا جا رہا ہے جو فیصل چوک پر کلر بکس فروخت کر رہا تھا کہ اچانک پولیس ٹیم کو دیکھ کر بھاگا تو تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ گیا۔
پولیس نے گاڑی ڈرائیور حبیب ظفر کو گرفتار کیا لیکن جلد ہی ضمانت پر رہا کر دیا۔ فلک شیر کے ورثا نے ضیا مسجد نیو شکریال پر احتجاج کرتے ہوئے ایکسپریس وے کو بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک بلاک ہو گئی۔ ورثا نے انصاف کے لئے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔ فلک شیر کے والد کا کہنا ہے کہ اگر انصاف نہ ملا تو بچوں سمیت سپریم کورٹ کے سامنے خود کشی کرے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ فلک شیر مدرسے میں قرآن حفظ کر رہا تھا اور گزر بسر کیلئے کلر بکس بیچتا تھا۔ فلک شیر 10 بہن بھائیوں میں سے بڑا تھا۔