لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے نیب قانون کے تحت پانامہ کیس میں کم از کم سزا سات سال قید اور زیادہ سے زیادہ عمر قید ہے، پانامہ کیس کا کریڈٹ تحریک انصاف کو جاتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاناما کیس تحریک انصاف یا عمران خان کا ذاتی کیس نہیں تھا، چاہتے ہیں سزا کے ساتھ لوٹا ہوا پیسہ وطن واپس آئے، دیکھنا ہو گا لوٹی ہوئے 30 ہزار کروڑ کیسے واپس لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پانامہ کیس کے پاکستانی سیاست پر مثبت اثرات ہونگے، ملک میں طاقتور افراد کے احتساب کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا شریف خاندان تمام تر مواقع کے باوجود اپنے دفاع میں ناکام رہا، ایون فیلڈ کیس میں انصاف ہونے سے متعلق مطمئن ہیں۔
فواد چوہدری نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی کودفاع کا پورا حق ملا ہے، پہلے کہا گیا لندن کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں، شریف فیملی کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد کے پیسے کہاں سے آئے، کہا گیا حسن اور حسین نواز پر ملکی قانون لاگو نہیں ہوتا۔