ملتان: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرا دی، پی ٹی آئی کے سرگرم اور ناراض رہنما کیپٹن (ر ) ناصر مہے کے بھائی بریگیڈیئر (ر ) قیصر مہے نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہو ئے سید عبد القادر گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ کیپٹن (ر) ناصر مہے کو تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا جس پر وہ ناراض تھے اور انہوں نے دو روز قبل پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر گذشتہ روز سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی این اے 154کے امیدوار سید عبد القادرگیلانی اور صوبائی حلقہ 211کے امیدوار سید علی حیدر گیلانی ، بریگیڈیئر (ر ) قیصر مہے کے ڈیرے بوسن روڈ پر پہنچے جہاں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کا والہانہ استقبال کیا گیا جن میں پیپلز پارٹی کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکن بھی شامل تھے سید یوسف ضا گیلانی نے کہا کہ قیصر مہے کو ان کے گروپ سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہو نے پر مبارکباد دیتا ہوں اس سے میرے بیٹوں سید عبد القادر گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی کی پوزیشن مضبوط ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آج ایسا لگتا ہے کہ عوام ہماری کاوشوں اور قربانیوں کا ہمیں صلہ دے رہے ہیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی پاسداری اور اداروں کا احترام کیا ہمارے مخالفین میں فیصلہ کرنے کی قوت نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کے امیدوار ٹوٹ رہے ہیں۔