کوئٹہ: (دنیا نیوز) سانحہ مستونگ کے شہداء کی تعداد 149 ہو گئی، دھماکے کے 186 زخمی سول، سی ایم ایچ اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات کے لئے پنجاب سے 3 رکنی فرانزک ٹیم کوئٹہ پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق، سانحہ مستونگ کی تحقیقات کے لئے پنجاب سے فرانزک ٹیم کوئٹہ پہنچ گئی ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم 3 ماہرین پر مشتمل ہے۔ ماہرین کی ٹیم دھماکے کی جگہ کا دورہ اور شواہد اکٹھے کرے گی۔ حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو متعلقہ لیویز اور پولیس کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔
ادھر ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم لاشاری کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شہداء اور زخمیوں کے تمام کوائف حاصل کر کے رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے۔ جس کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ درینگڑھ خود کش دھماکے کے فوری بعد جاں بحق ہونے والے 18 افراد کی میتیں لواحقین جائے وقوعہ سے ہی اپنے گھروں کو لے گئے۔ ان شہداء کی میتیں اسپتال نہیں لائی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہداء کے لواحقین سے اپیل کی ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے سانحہ کی مکمل رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوادی، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ خودکش دھماکے میں 149 افراد شہید جبکہ 186 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جن میں سے کئی زخمی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیئے گئے جبکہ کئی زخمی سول، سی ایم ایچ اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں۔