فیروزہ لاشاری ، پی پی شہید بھٹو کی پہلی خاتون امیدوار

Last Updated On 18 July,2018 07:04 pm

کراچی (نیٹ نیوز ) انتخابات 2018 میں مجموعی طور پر اس بار 90 سے زائد خواتین حصہ لے رہی ہیں تاہم سندھ کے حلقے پی ایس 2 سے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی ایک خاتون فیروزہ لاشاری اس بار میدان میں آ رہی ہیں۔

فیروزہ لاشاری جو شاہ عبدالطیف یونیورسٹی سے گریجوایٹ ہیں اس بار الیکشن میں اپنی پارٹی کی جانب سے واحد خاتون امیدوار ہوں گی کیونکہ پارٹی کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کی جانب سے بھی الیکشن میں حصہ لینے سے معذرت کر لی گئی ہے۔ فیروزہ لاشاری شمالی سندھ کے 3 اہم اضلاع جیکب آباد، شکارپور اور کندھ کوٹ ایٹ کشمور سے بھی عام نشت پر انتخاب لڑنے والی پہلی خاتون ہیں۔


فیروزہ لاشاری کا تعلق محنت کش خاندان سے ہے اور وہ اس بار بااثر زمیندار اور جاگیردار طبقے کے خلاف میدان میں آ رہی ہیں۔ فیروزہ لاشاری کے مقابلے میں 15 امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی پی کے سہراب خان سرکی ،پی ٹی آئی کے طاہر حسین ، ایم ایم اے کے شاہ محمد سید، جی ڈی اے کے مولا بخش اور ٹی پی پی پی کے محمد شریف قابل ذکر ہیں۔


فیروزہ لاشاری اس مہم میں انتہائی متحرک ہیں اور گھر گھر جا کر لوگوں میں انتخابی مہم میں شریک ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں کرسی حاصل کرنے نہیں بلکہ ظالم طبقے کے خلاف نبرد آزما ہیں ۔ ان کے حلقے میں 13 لاکھ ووٹرز ہیں اور ان میں سے 50 فیصد نے انہیں ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اگر 25 جولائی 2018 کو فیروزہ لاشاری اس حلقے سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں تو وہ نہ صرف اس حلقے سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی، بلکہ وہ ممکنہ طور پر سندھ اسمبلی کی بھی کم عمر ترین رکن ہوں گی۔

اپنے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ جیتنے کے بعد وہ صرف خواتین کے حقوق کیلئے کام کریں گی اور صحت و تعلیم جیسے میدانوں میں کام کرکے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کریں گی۔