اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ایفی ڈرین کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حنیف عباسی کی اپیل خارج کر دی۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی اپیل پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ روزانہ کی بنیاد پر شفاف ٹرائل ممکن نہیں، ٹرائل کورٹ میں کیس چلانے کا بھرپور موقع دیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلے کالعدم قرار دیا جائے، 10 دن کی مہلت دی جائے تا کہ ٹرائل شفاف ہو سکے۔
بینچ نے ریمارکس دیئے کہ کیا 2، 2 ماہ کی تاریخیں دی جائیں تو ٹھیک ہے ؟ قتل کیس کی بھی تو روزانہ کی بنیاد پر سماعتیں ہوتی ہے، عدالت میں کوئی کیسے ڈکٹیٹ کر سکتا ہے کہ اسکی مرضی کے مطابق دلائل دیئے جائیں۔ عدالت نے حنیف عباسی کی اپیل خارج کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے فیصلہ 21 جولائی کو کرنے کا حکم دیا تھا۔