لاہور: ( روزنامہ دنیا ) عابد باکسر نے محکمہ پولیس میں دوبارہ نوکری نہ کرنے کا اعلان کر دیا، واپسی کے بعد روزنامہ دنیا سے انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ سابق انسپکٹر نہیں بلکہ ٹربیونل نے انہیں بحال کر دیا تھا مگر وہ اب مزید نوکری نہیں کرنا چاہتے۔
عابد باکسر نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی بہت خدمت کی، خطرناک اشتہاری پکڑے اور ڈیڑھ ڈیڑھ سو قتل اور ریپ میں ملوث درندہ صفت مجرموں کو اصل پولیس مقابلے کر کے کیفر کردار تک پہنچا یا۔ انہوں نے کہا کہ میری ہر بات سچ نہ مانیں لیکن میری وہ باتیں تو تسلیم کرنی چاہئیں جو سچ ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان میرے کیس کی جے آئی ٹی تشکیل دے کر انکوائری کروا لیں۔
سابق انسپکٹر نے کہا کہ سیاسی طور پر کبھی کسی کے ہاتھوں استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی ہو رہا ہوں، شہباز شریف نے بے گناہ لوگوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں پار کرنے کا کہا جس سے انکار پر میرے ان سے اختلافات ہو گئے، میں اپنی بے گناہی کے ثبوت پیش کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں عابد باکسر کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کی سکیورٹی کی ضرورت نہیں جس نے میری آج تک حفاظت کی وہی پاک ذات مجھے آئندہ بھی محفوظ رکھے گی۔