اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں آزادانہ انتخابات کیلئے بھرپورکوشش کر رہے ہیں، عوام 25 جولائی کوووٹ ڈال کر قومی ذمہ داری پوری کریں۔
سردار رضا کا کہنا تھا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے کوشاں ہیں،25 جولائی کو پاکستانی عوام ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکلیں، عوام ووٹ کا صحیح استعمال کر کے قومی ذمے داری پوری کریں۔
پارلیمنٹ کی 272 میں سے 270 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشن جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا، 70 پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔ عام انتخابات کیلئے پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 39، بلوچستان کی 16، فاٹا کی 11 اور اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں فوج اور پولیس سمیت 8 لاکھ اہلکا ربھی فرائض انجام دینگے۔