لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار کون ہوگا؟ علیم خان نے سپورٹس مین شپ سپرٹ کا اعلیٰ مظاہرہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے واضح کر دیا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نہیں، عمران خان جسے چاہیں گے وہی وزیراعلی پنجاب ہوگا۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے کپتان کا فیصلہ قبول کریں گے۔
واضح رہے کے پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 123 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 4 ارکان پنجاب اسمبلی کی شمولیت سے یہ تعداد 127 ہوگئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے، ق لیگ کی پنجاب اسمبلی میں 7 نشستیں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے کل 149 ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے جس کہ لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن بھی 129 نشستیں جیت کر پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔