پشاور: (دنیا نیوز) پرویز خٹک نے ان تمام میڈیا رپورٹس کی تردید کر دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ وزارتِ اعلیٰ کیلئے بضد ہیں۔
نمبرز گیم جتانا تھا یا الیکشن جیتنے کی مبارکباد دینی تھی؟ سابق وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں پشاور میں نو منتخب ایم پی ایز کی اہم بیٹھک، وزیرِاعلیٰ کے قلمدان کے امیدوار عاطف خان اور شہرام ترکئی محفل سے غیر حاضر، اختلافات کی خبریں مزید تیزی سے گردش کرنی لگیں۔
سپیکر ہاؤس میں بلائی گئی محفل صرف الیکشن جیتنے کی خوشی میں تھی، مقصد نو منتخب ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں اور انہیں مبارکباد دینا تھا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے لئے ابھی تک کسی کا نام فائنل نہیں ہوا، کپتان جس کا کہیں گے تاج اسی کے سر سجے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 80 فیصد نو منتخب ایم پی ایز نے شرکت کی، مبارکبد اور ایک دوسرے سے ملنے کیلئے بلائے گئے اس اجلاس میں اہم بات عاطف خان اور شہرام ترکئی کی غیر حاضری تھی۔
عاطف خان گروپ کے ایم پی ایز نے بھی اس بیٹھک میں شرکت نہیں کی جس سے پی ٹی آئی میں اختلافات کی باتوں نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔