پشاور: (دنیا نیوز) حکومت چلی گئی پر شاہ خرچیاں نہ گئیں، سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے زیرِ استعمال دس گاڑیاں، بلٹ پروف گاڑی سفید ہاتھی بن گئی جس کا صرف چھ ماہ کا خرچہ 32لاکھ روپے سے زائد ہے۔
سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے شاہانہ خرچے حکومت ختم ہونے کے بعد بھی جاری ہیں۔ سابق سپیکر کے پاس اسمبلی رولز کے برخلاف دس گاڑیاں زیرِ استعمال ہیں، رولز کے مطابق سپیکر صرف دو گاڑیاں استعمال کر سکتے ہیں۔ان گاڑیوں میں وہ بُلٹ پروف گاڑی بھی شامل ہے جو ایک سفید ہاتھی بن گئی ہے۔
دنیا نیوز کو ملنے والے سرکاری دستاویزات کے مطابق اس بُلٹ پروف گاڑی کا صرف چھ ماہ کا خرچہ 32 لاکھ روپے ہے جس میں گاڑی کی مرمت اور فیول بھی شامل ہے۔
یہی نہیں بلکہ سپیکر اسد قیصر کے زیرِ استعمال دیگر چار گاڑیوں کے چھ ماہ کے اخراجات 35 لاکھ 55 ہزار روپےسے زائد ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ بلند کرنے والے سپیکر بھی یہ لگژری گاڑیاں چھوڑنے کیلئے تیار نہیں، جن کے اخراجات قومی خزانے سے برداشت کئے جا رہے ہیں۔