راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سوات ایکسپریس وے کی تعمیر سے نہ صرف علاقے بلکہ پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات ایکسپریس وے کا دورہ کیا اور چکدرہ کے قریب زیر تعمیر زلم کوٹ ٹوئن ٹیوب ٹنل پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ 13 سو میٹر طویل ٹیوب ٹنل سوات ایکسپریس وے کا حصہ ہے جو کہ دسمبر 2018 میں مکمل ہوگی۔ ٹنل کی تعمیر سے اسلام آباد سے چکدرہ کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم ہو کر ایک گھنٹہ 45 منٹ رہ جائے گا۔ 81 کلومیٹر طویل سوات ایکسپریس وے منصوبہ ایف ڈبلیو او تعمیر کررہا ہے جو کہ ٹریڈ کوریڈور کا حصہ ہے۔
آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کے کام کی معیار کی تعریف کی اور قراقرم ہائی وے سمیت ملک کی تعمیر و ترقی کے مختلف منصوبوں میں ادارے کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر ایکسپریس وے منصوبے سے علاقے میں معاشی و سماجی سرگرمیاں بہتر ہوں گی اور پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔