تمام سٹیک ہولڈرز کو تنازعات سے باہر نکلنا ہو گا: آرمی چیف

Last Updated On 15 June,2018 09:05 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی امن و استحکام کیلئے مکمل طور پر یکسو ہے۔ علاقائی امن وترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو تنازعات سے باہر نکلنا ہو گا۔ پاکستان کو ہائبرڈ وار کے مقابلے کے لیے سلامتی پر اثر انداز ہونے والے مسائل سے نمٹنا ہو گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قانون کی عملداری مقدم ہو۔ ہائبرڈ وار سے نمٹنے کے لیے قومی مسائل پر توجہ لازم ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے۔ علاقائی امن و ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو تنازعات سے باہر نکلنا ہو گا۔ باہمی تعاون کے ذریعے ہی خطے کے وسائل سے حقیقی معنوں میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ وار میں قومی عزم کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جواب کے لیے قومی سلامتی پر اثر انداز ہونے والے مسائل سے نمٹنا ہو گا۔ ہمیں قومی اداروں کے ذریعے اپنی تمام تر توجہ معیشت، تعلیم اور پانی کے تحفظ اور قومی آہنگی پر مرکوز کرنا ہو گی۔