واشنگٹن: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیر خارجہ نے فون کیا، جس میں تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہ کار اور تمام عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا گیا جبکہ افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی۔
امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔ جس میں انہوں نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہِ کار افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر غور کیا۔
اس سے پہلے امریکا نے پاکستان کو دی جانے فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکا نے الزام لگایا کہ پاکستان انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے جبکہ پاکستان ان تمام الزامات کی تردید کرتا ہے۔