اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی سلامتی کمیٹی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت، آزاد فلسطین کے موقف کی حمایت جاری رکھنے کا عزم، ارکان نے گلگت بلتستان اور فاٹا میں اصلاحات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان، داخلہ، دفاع، خارجہ، خزانہ کے وزراء، مشیر قومی سلامتی اور حساس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
کمیٹی نے فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی اور قتل غارت گری کی بھی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے آزاد فلسطین کے موقف کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا اور گلگت بلتستان اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انضمام سے فاٹا قومی دھارے میں شامل ہو گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو بھی پاکستانیوں کے مساوی حق مل گئے ہیں۔
وزارِت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی کے خدوخال پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو ایک سیاحتی اور کاروبار دوست ملک بنایا جائے گا۔
کمیٹی نے عالمی اور علاقائی تبدیلیوں اور پاکستان پر ان کے اثرات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ پاکستان امن واستحکام کے لیے سیاسی و سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، اس سلسلے میں سفارتکاری کو مزید موثر بنایا جائے گا۔