اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کر دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کے ذریعے نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔
جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔ اُنھیں 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994 میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ جسٹس ناصر الملک کو 2004 میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 6 جولائی 2014 سے 16 اگست 2015 تک چیف جسٹس رہے، جو پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔ جسٹس ناصر الملک کی بطور چیف جسٹس تقرری نواز شریف نے کی تھی۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج تاریخی دن ہے، ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کا مشکور ہوں، ناصر الملک کی عدلیہ میں تاریخی خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان بڑے مسائل سے گزر رہا ہے، خوشی ہے ہم ایک بار پھر 5 سال مکمل کر رہے ہیں، پاکستان ایک نئے سفر کی طرف گامزن ہے، امید ہے جو پارٹی بھی الیکشن جیت کر آئے گی وہ عوام کی خدمت کرے گی۔
یاد رہے سندھ اور کے پی اسمبلیاں آج تحلیل ہوجائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے تک مراد علی شاہ کام جاری رکھیں گے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا بھی آج آخری دن ہے۔ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی، نگران وزیراعلیٰ بننے تک پرویز خٹک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ وفاق، پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں 31 مئی کو تحلیل ہوں گی۔ 25 جولائی کو عوام اگلی حکومت کے چناؤ کیلئے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔