اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کے تقرر کے لیے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اہم ملاقات آج ہو گی جبکہ پی پی نے بھی اس سلسلے میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج پھر ملاقات کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس آج ہو گا۔ اس سلسلے میں سابق صدر آصف زردادی بھی کل دورہ لاہور مختصر کر کے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اجلاس زرداری ہاؤس میں بلاول بھٹو اور آصف زردادی کی مشترکہ صدارت میں ہوگا، اجلاس میں پارٹی کے سینئر مرکزی اور صوبائی قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے، پی پی قیادت نگران وزیراعظم کے تقرر، عام انتخاںات اور دیگر امور پر مشاورت کرے گی۔
یاد رہے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ میں پانچویں ملاقات بھی بے نتیجہ ختم ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیاں ملاقات 35 منٹ جاری رہی لیکن نگران وزیراعظم پر اتفاق نہ ہوسکا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا ملاقات ہوگئی، گیم اب حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
نگران وزیر اعظم کا نام اگر مجوزہ آئنی مدت کے اندر فائنل نہ ہو سکا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 2، 2 نام بھیجیں گے۔ پارلیمانی کمیٹی دیئے گیے 4 ناموں میں سے نگران وزیراعظم طے کرے گی۔ پارلیمانی کمیٹی بھی طے نہ کر سکی تو فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔