شیخوپورہ: ( روزنامہ دنیا) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورہ شیخوپورہ مانانوالا میں کسی نئے منصوبے کا اعلان نہ کیا بلکہ 3 سال پرانے منصوبوں کا از سر نواعلان اور نئی تختیاں لگا دی گئیں جس سے عوام میں مایوسی پھیل گئی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شیخوپورہ کی میونسپل کمیٹی مانانوالا میں ورکرز کنونشن سے خطاب سے پہلے مانانوالا میں سوئی گیس کے 2 ارب 5 کروڑ روپے کے منصوبے کا افتتاح جبکہ مانانوالا میں گرلزڈگری کالج بنانے کا اعلان کیا جبکہ دوسری طرف مانانوالا میں 3 سال قبل گرلزڈگری کالج کی ناصرف منظوری ہوئی بلکہ مانانوالا شہر کے وسط میں 5 ایکڑ اراضی ایکوائر کر کے 5 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری ہوچکے ہیں اور اس منصوبے کے پہلے سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے رانا تنویر ناصر اور حال ہی میں پارٹی تبدیل کرنیوالے رکن قومی اسمبلی بلال ورک دعویدار ہیں اور اب نئے سرے سے وزیراعظم نے اعلان کر دیا اور مانانوالا شہر کے متعدد علاقوں سمیت یونین کونسل 85-86-87-88 کے 41 سے زائد دیہات اور ڈیرہ جات میں تقریباً پونے تین کروڑ روپے کے گیس پائپ لائن منصوبے بچھائے گئے۔
مسلم لیگ ن کے تحریک انصاف میں شامل ہونیوالے ایم این اے بلال ورک نے تمام منصوبوں کا 4 ماہ قبل افتتاح کر کے متعدد مقامات پر تختیاں بھی لگا دی تھیں اور آج وزیراعظم نے جلسہ گاہ کے پنڈال میں ہی تحتی لگا کر اس منصوبے کا ازسر نو افتتاح کر دیا۔ ایک اور بات قبل ذکر ہے کہ سوئی گیس کے تمام منصوبوں کے ابھی تک گھریلو کنکشن نہیں ہو سکے، اس کیخلاف سپریم کورٹ نے حکم امتناعی دے رکھا ہے، ان اعلانات سے عوام میں خاصی مایوسی پھیل گئی ہے۔