قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب، ملکی سیکورٹی پر تبادلہ خیال ہوگا

Last Updated On 19 May,2018 12:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں ملکی اندرونی و بیرونی سیکورٹی، ایل او سی، ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی اشتعال انگیزی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے استنبول سے واپسی پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد طلب کیا ہے، اجلاس میں جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی شریک ہونگے۔ انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سلامتی و سرحدی سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر غور ہوگا، کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے۔ ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر پر اجلاس کو بریفنگ دی جائے گی، دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ردُالفساد میں پیشرفت اور کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔