اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کیلئے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی، مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پنجاب میں 13 تا 19 اکتوبر تک 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد اور خیبرپختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسی طرح اسلام آباد میں 13 تا 19 اکتوبر تک 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل ہے کہ وہ 13 سے 19 اکتوبر تک جاری ملک گیر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔